• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف وفد نویں جائزے کیلئے 31 جنوری کو پاکستان آئے گا

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی پاکستان میں نمائندہ ایسٹر پیریز کا کہنا ہے کہ ادارے کا وفد نویں جائزے کیلئے 31 جنوری کو پاکستان آئے گا۔

اسلام آباد میں ایسٹر پیریز نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان میں 9 فروری تک رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفد دورے کے دوران اندرونی و بیرونی پالیسیوں کی پائیداری اور پاکستان کی مالی پوزیشن بہتر بنانے پر بات چیت کرے گا۔

نمائندہ آئی ایم ایف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات بھی زیر بحث آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے کی صلاحیت پر بات چیت بھی ہوگی، توانائی کے شعبے میں گردشی قرض کو کم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ وفد کرنسی مارکیٹ کی فعالیت پر گفتگو کرے گا، کرنسی مارکیٹ میں شرح تبادلہ کے ذریعے کرنسی کی کمی دور کرنے پر بات ہوگی۔

نمائندہ آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ مضبوط پالیسیاں اور اصلاحات صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے ضروری ہیں، سرکاری شراکت داری پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید