عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میرے پاس ثبوت ہیں آصف زرداری نے دہشت گردوں کو ہائر کیا ہے، زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اور لال حویلی کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، مجھے کچھ ہوا تو رانا ثناء اللہ، شہباز شریف اور آصف زرداری ذمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور ایف آئی اے سوچ سمجھ کر لال حویلی آئے، لال حویلی ہماری ملکیت ہے اگر نہ ہو تو ہم قومی مجرم ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی کا کیس عدالت میں ہے، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان، رانا ثناء اللہ کے اشاروں پر کام کرتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر روز اس حکومت کو کم عقلی کا دورہ پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے تفصیلی بات چیت کی ہے، آرمی چیف کو کہتا ہوں زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے، آرمی چیف سے گزارش ہے وہ کسی افسر کو بھیجیں اسے تفصیلات بتاؤں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے یہ لوگ اپنے پاؤں پر کلہاڑا ماریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان سے ملک چل ہی نہیں رہا، محسن نقوی کے خلاف ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں، وہ وزارت اعلیٰ کے لیے نا اہل اور زرداری کا فرنٹ مین ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ 2 حصوں میں بٹ چکی ہے، بڑی خبر یہ ہے کہ یہ صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن نہیں کروا رہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ فواد چوہدری پی ٹی آئی کا مقبول لیڈر بن گیا ہے، الیکشن کمشنر صاحب الیکشن کرائیں پرچے نہ کروائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 13 پارٹیاں ڈری ہوئی ہیں، انہوں نے الیکشن میں نہیں جانا، عوام کے پاس کھانے کو کچھ نہیں کون ان کو ووٹ دے گا۔