• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت آج سے برطانیہ اور یورپ بھر میں ’’ہفتہ یکجہتی کشمیر‘‘ منائے گی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) کی قیادت میں 3فروری بروز جمعہ سے برطانیہ اور یورپ بھر کے ممالک میں ’’ہفتہ یکجہتی کشمیر‘‘ کے سلسلہ میں تقریبات کا آغاز ہو جائے گا۔ تحریک حق خودارادیت کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق’’ہفتہ یکجہتی کشمیر‘‘ کی افتتاحی تقریب برطانیہ کے شہر اولڈہم میں منعقد ہو گی جس میں آل پارلیمانی پارٹیز فرینڈز گروپ آف کشمیر کی چیئر پرسن ڈیبی ابراہم ایم پی، سینئر وائس چیئرمین شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین ایم پی، چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ شیڈو منسٹراینڈریو گوئن ایم پی، پروفیسر تقدیس گیلانی پارلیمانی سیکرٹری حکومت آزاد کشمیر، مسٹر طارق وزیرقونصل جنرل پاکستان مانچسٹر، مس زوبیہ خورشید راجہ یوتھ لیڈر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی اور رائے عامہ و ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شرکت کریں گے جموں کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم برطانیہ کے شہروں بریڈ فورڈ، برمنگھم اور لندن میں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے سلسلہ میں میٹنگز اور سیمینارز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ کے زیر اہتمام برمنگھم میں امن مارچ میں بھی شرکت کرے گی جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کے تمام شہروں میں 9فروری کو محمد افضل گورو شہید اور11 فروری کو محمد مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر شہداء اور دیگر کشمیریوں جنہوں نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کی جدو جہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھی تقریبات کا انعقاد کرے گی۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نےپاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ مکمل کر کے برطانیہ واپسی پر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدےداران، اراکین، حامیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے اراکین سے رابطہ کیا تاکہ ان تمام سرگرمیوں میں کشمیریوں کی زیادہ زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اُجاگرکرنے کے لیے ڈائسپورہ کمیونٹی کی طرف سے کچھ نئے اقدامات کو منظم کیا جا سکے۔ تحریک حق خودارادیت کی ٹیم دیگر کشمیری تنظیموں کے تعاون سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ مختلف یورپی ممالک، امریکہ اور کینیڈا میں بھی میٹنگز کا انعقاد کرے گی۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت کی ٹیم فروری کے مہینے میں خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں اور جموں کشمیر لبریشن کمیشن حکومت آزاد کشمیر کے تعاون سے متعدد تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کرے گی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تنظیم گز 30 سال سےکسی قسم سیاسی وابستگی سے ہٹ کر صرف ریاست جموں وکشمیر کے بنیادی حق خودارادیت کے لئے لابی مہم کا کام کررہی ہے اور اس جدوجہد میں ہمیں بھرپور کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، اس وقت ہماری تنظیم کو اس مقصد کیلئے برطانیہ اور یورپ سے سیکڑوں ممبران پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی سطح کی تقریبات کے انعقاد کا بنیادی مقصد رائے عامہ کو منظم کرنا ہے اور تحریک حق خودارادیت کی ٹیم اس سلسلہ میں تمام کاوشیں بروئے کار لائے گی۔

یورپ سے سے مزید