یورپی پارلیمنٹ میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن یورپی پارلیمنٹ اور اسی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین سجاد کریم نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سابق صدر کی موت سے صدمہ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مشرف نے اپنے دور حکومت کے کئی سالوں کے دوران برطانیہ اور یورپی یونین کے ساتھ اپنے تمام معاملات میں گہری سوچ اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا۔
سجاد کریم نے سابق صدر کے ساتھ خود سے جڑے واقعات بتاتے ہوئے کہا کہ ’مجھے برطانیہ کے شاہ چارلس سوم جو اسوقت ولی عہد تھے ان کے حوالے سے ایک واقعہ یاد آرہا جب میں نے ایک برطانوی شہری کے معاملے میں ان سے معاملہ فہمی کی اپیل کی تھی جس پر اس شخص کو ان کی جانب سے مناسب سلوک ملا تھا۔‘
سجاد کریم نے امید ظاہر کی کہ اگر سابق صدر کی فیملی حکومت سے ان کی میت پاکستان لانے کی درخواست کرے گی تو انہیں کسی غیر ضروری رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور تمام انتظامات اہل خانہ کی خواہشات کے مطابق ہوں گے۔