• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحران کا خطرہ ٹل گیا، بندرگاہ سے دالوں کے کنسائمنٹس ریلیز ہونا شروع

کراچی(این این آئی) بندرگاہ سے دالوں کے کنسائمنٹس ریلیز ہونا شروع ہوگئے ہیں جس سے ماہ رمضان میں دالوںکے ممکنہ بحران کا خطرہ ٹل گیا تاہم دالوں کی بڑھی ہوئی قیمتیں کم نہ ہوسکیں۔ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے بتایا کہ دالوں کے روکے گئے 7000کنٹینرز میں سے 2000 کنٹینرز ریلیز کر دیے گئے جبکہ 5000 کنٹینرز ابھی باقی ہیں، اسکے برعکس چند روز قبل بندرگاہ پر لنگر انداز تین بحری جہازوں کے ذریعے 50ہزار ٹن ’’بلک‘‘ کی صورت میں پہنچنے والی دالوں میں سے 20فیصد فوری ریلیز کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ بلک کے مقابلے میں کنٹینرز میں درآمد ہونے والے دالوں کے پہلے سے رکے ہوئے کنسائمنٹس تیز رفتاری سے کیوں ریلیز نہیں کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کنٹینرز میں رکے ہوئے دالوں کے کنسائمنٹس کو ریلیز کرنے میں تاخیر سے لاگت خطرناک حد تک بڑھ جائے گی اور دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافے سے نہ صرف عام صارفین متاثر ہوں گے بلکہ مہنگائی کی شرح بھی خطرناک حد تک بڑھ جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دالوں کے تمام کنٹینرز و بلک کارگو ریلیز ہونے سے ملک بھر میں گزشتہ چند ماہ سے فی کلو دال پر 100 تا 150روپے بڑھے ہوئے تھے تاہم اب قیمتیں دوبارہ معمول پر آجائیں گی۔

اہم خبریں سے مزید