• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ NED کے داخلہ ٹیسٹ سے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کھل گئی

کراچی( سید محمد عسکری) جامعہ این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج نے سندھ کے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے جامعہ این ای ڈی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر طفیل کے مطابق انٹر سال اول میں 70 اور 80 فیصد سے زائد نمبر لانے والے طلبہ کی اکثریت داخلہ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئی۔ داخلہ ٹیسٹ میں آغا خان تعلیمی بورڈ کے نتائج سب سے بہتر رہے۔ آغا خان تعلیمی بورڈ کے طلبہ کے نتائج کی کامیابی کا تناسب 84.71 فیصد رہا۔ فیڈرل بورڈ کا 73 فیصد رہا جب کہ کراچی بورڈ کے نتائج 67.64 فیصد رہا تاہم اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کی صورتحال انتہائی خراب رہی این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں لاڑکانہ بورڈ کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 21.08 فیصد رہا، نوابشاہ بورڈ کا 26.60 فیصد رہا۔میرپورخاص کا 26.69 فیصد، سکھر کا 31.61 فیصد اور حیدرآباد بورڈ کا 34.41 فیصد رہا۔ ڈاکٹر طفیل نے جنگ کو بتایا کہ اے لیول کے طلبہ کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اس میں شامل نہیں لیئے گئے کیونکہ ان کے ابھی امتحانات چل رہے ہیں امتحانات کے بعد اے لیول کے طلبہ کا داخلہ ٹیسٹ ہوگا۔ یاد رہے کہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈ گزشتہ کئی برس سے ایڈھاک ازم کا شکار ہیں، کسی بھی بورڈ میں چیرمین، ناظم امتحانات، سکریٹری اور آڈٹ افسر مستقل نہیں صرف حیدرآباد بورڈ کے قائم مقام ناظم امتحانات گزشتہ 12 برس سے تعینات ہیں انھیں جب بھی ھٹا یا جاتا ہے اسٹے لے لیتے ہیں یہی صورتحال اور بورڈ کے اور عہدوں کی بھی ہے بیشتر چیرمین بورڈ اسٹے پر کام کررہے جسکی وجہ سے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی مسلسل زوال پزیر ہے۔
اہم خبریں سے مزید