• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت دفاع نے انتخابات کیلئے رینجرز اور ایف سی کی فراہمی سے معذرت کرلی


وزارت دفاع نے انتخابات کیلئے رینجرز اور ایف سی کی فراہمی سے معذرت کرلی، جبکہ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ انتخابات کیلئے اضافی 40 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ نہیں دی جا سکتی۔

خیبر پختونخوا، پنجاب اسمبلی کے انتخاب اور قومی اسمبلی کی 93 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے  معاملے پر وزارت دفاع نے صوبائی اسمبلیوں اور ضمنی الیکشن کیلئے رینجرز اور ایف سی کی فراہمی سے معذرت کرلی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز اور ایف سی کی پولنگ اسٹیشنوں کے باہر تعیناتی پر وزارت دفاع نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز بارڈر مینجمنٹ اور اندرونی سیکیورٹی منیجمنٹ میں مصروف ہیں، ملک میں دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، مسلح افواج 27 فروری سے 3 اپریل تک مردم شماری کے عمل میں مصروف ہوگی، ضمنی اور خیبر پختونخوا، پنجاب اسمبلیوں کے الیکشن کیلئے آرمڈ فورسز کی تعیناتی قابل عمل نہیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب رینجرز راجن پور ضمنی الیکشن میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر دستیاب ہوگی۔

دوسری جانب وفاقی وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرات خزانہ نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کیلئے اضافی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرنے کی درخواست کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے وسیع تر قومی مفاد میں اضافی ضمنی گرانٹ کا مطالبہ موخر کرے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہونے تک اضافی ضمنی گرانٹ کے مطالبے کو موخر کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید