• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں مکانوں کی قیمتیں اگست کے مقابلے میں 12,000 پونڈ تک کم ہوگئیں

لندن (پی اے) برطانیہ میں مکانوں کی قیمتیں اگست کے مقابلے میں 12,000پونڈ تک کم ہوگئیں۔ ہیلی فیکس کا کہنا ہے کہ مخصوص پراپرٹیز کی قیمتیں جنوری میں بھی بڑی حد تک پہلے ہی جیسی یعنی281,684 رہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ جنوری میں مکانوں کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا جبکہ نومبر میں قیمتوں میں 2.4 فیصد اور دسمبر میں 1.3فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اگست میں پراپرٹیز کی اوسط قیمت 293,992پونڈ تھی جبکہ اب اوسط قیمت میں 12,500پونڈ تک کی کمی ہوگئی ہے لیکن قیمتیں اب بھی گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ اخراجات زندگی میں اضافے کی وجہ سے لوگوں کی آمدنی سکڑ کر رہ گئی ہے اور شرح سود میں اضافے کی وجہ سے ہاؤسنگ کی مارکیٹ میں سست روی کی توقع ہے اور رواں پورے سال کے دوران قرض پر اخراجات میں اضافے کی وجہ سے مکانوں کی طلب کم رہے گی، ویلز میں مکانوں کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کی شرح 6فیصد کم رہی، جس کی وجہ سے مکان کی اوسط قیمت کم وبیش 14,000پونڈ کی کمی کے ساتھ 210,275 پونڈ رہی۔ ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ میں بھی مکانوں کی قیمتوں میں اوسط 2.7فیصد کمی ہوئی۔ شمالی آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں مکانوں کی قیمتوں میں اضافے کی شرح سست روی کا شکار رہی۔ لندن میں دسمبر کے دوران مکانوں کی قیمتوں میں 2.9فیصد کمی کے بعد قیمتیں ساکن ہیں۔ یوکے ریزیڈنشیل ریسرچ کے ٹام بل کا کہنا ہے کہ اس سال مکانوں کی قیمتوں میں 5 فیصد تک کمی ہونے کا امکان ہے تاہم بعض علاقوں میں مکانوں کی طلب کردہ قیمتوں میں اضافے کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔ مارگیج بروکر کے چیف ایگزیکٹو مارک حارث نے کہا ہے کہ مارگیج کے حوالے سے حوصلہ افزا خبر یہ ہے کہ فکس ریٹ کی قیمتیں مسلسل کمی کی طرف جا رہی ہیں۔
یورپ سے سے مزید