لاہور( نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات میں سنجیدہ نہیں، میری جنگ آئین کی بالادستی کیلئے ہے ،پنجاب اور خیبر پختوانخوا الیکشن کے لئے وکلاء برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ عمران خان سے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر وکلاء رہنمائوں نے ملاقات کی ، جیل بھرو تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔عمران خان نے کہا انتخابات کو التواء میں ڈالا گیا تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے،وکلاء میرے ہمراہ اس تحریک کا ہر اول دستہ بنیں ،ٹویٹر پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ گجرات میں پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس کے مسلسل چھاپوں کے ساتھ ان کے حامیوں اور ان کے ساتھ کام کرنے والوں کی من مانی گرفتاریوں اور اغوا کی شدید مذمت کرتے ہیں ، یہ امپورٹڈ حکومت اور ان کے ہینڈلرز کی طرف سے ننگا فاشزم ہے تاکہ ان تمام لوگوں میں خوف پھیلایا جائے جو ہماری حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف آپ کو یاد دلا دیں کہ ہماری حکومت کے دوران شریفوں اور دیگر کی گرفتاریاں اور ان کے خلاف کارروائیاں نیب کیسز کا نتیجہ تھیں، جن میں 95 فیصد سے زائد کیسز ہمارے اقتدار میں آنے سے پہلے اور پاناما انکشافات کے بعد دائر کیے گئے تھے۔