• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین کی بالادستی کیلئے قوم عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے، عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) تحریک انصاف کے چیئرمین ،عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر جمہوریت کا تصور ہی محال ہے،ایک ٹویٹ میں انہوں نےکہاکہ مضبوط،آزاد اور معتبر عدالتی نظام قانون کی حکمرانی یقینی بناتا اورآ ئین کی حفاظت کرتا ہے،قوم انتخابات کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی تحسین کرتی ہے، قوم آئین کی بالادستی،نظامِ عدل سے وابستہ امیدیں زندہ کرنے کیلئے عدلیہ کی پشت پرکھڑی ہے، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب میں فوری انتخابات کا اعلان کروانے سے متعلق فیصلے کا خیر مقد م کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ آئین کو بچانے کیلئے ایک بڑا اقدام ہے، ہائیکورٹ کے ججوں نے اپنے حلف کے ساتھ انصاف کیاہے ،انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے پشاور ہائیکورٹ میں بھی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس دائر کر رکھا ہے،آئین تقاضا کرتا ہے کہ 90دن کے اندر انتخابات کروائے جائیں، اگر 90دنوں میں انتخابات نہ کروائے گئے تو آئین کی خلاف ورزی ہو گی ،ہم آئین کیساتھ کھڑے ہیں اس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، پی ڈی ایم کی حکومت نے 9،10 ماہ میں ملک کی معیشت اور نظام کا بیڑا غرق کر دیا ہے،امپورٹڈ حکومت کے رہتے ہوئے ملک میں دہشتگردی واپس لوٹ آئی ہے ،پی ڈی ایم حکومت نااہل ہے یہ کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکتی ، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ یہ ملک کو کہاں لے آئے ہیں،آئین میں واضح لکھا ہے 90 دن میں الیکشن ہونے ہیں، عدالت کا دو ٹوک فیصلہ آیا ہے کہ 90 دن میں الیکشن کروائیں، اس کے باوجود سب کو یہ خدشہ ہے کہ یہ پھر بھی الیکشن سے بھاگ جائیں گے،یعنی یہ آئین سے انحراف کریں گے، قوم کا اعتماد ہی نظام سے اٹھ گیا ہے، یہ ملک کی بنیاد ہلانے کے مترادف ہے۔
اہم خبریں سے مزید