اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) بھارتی فلم انڈسٹری اور میڈیا میں ان دنوں صف اول کے اداکار شاہ رخ خان کی ’’نیلی گھڑی‘‘ کے چرچے ہیں جس کی قیمت تقریباً 5کروڑ بھارتی روپے ہے جو پاکستانی روپے میں 16کروڑ روپے سے بھی زیادہ مالیت کی بنتی ہے۔ اداکار شاہ رخ خان جو ان دنوں اپنی فلم ’’پٹھان‘‘ کی غیر معمولی کامیابی کے بعد ہونے والی مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں گزشتہ دنوں اپنی فلم سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں ان کے ہاتھ پر بندھی ہوئی نیلی گھڑی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی جس کی قیمت کے بارے میں اور اس حوالے سے بالخصوص سوشل میڈیا پر تبصرے، تنقید اور دلچسپ ریمارکس کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ٹوئیٹر پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ شاہ رخ کی گھڑی کی قیمت بہت سے لوگوں کی پوری زندگی کی آمدن سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ یہ ریمارکس بھی دیئے گئے کہ شاہ رخ کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مہنگے شوق پورے کریں کیونکہ ان کی فلم اب تک 950 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کرچکی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں شاہ رخ کے بعض چاہنے والوں نے ان کی قیمتی گھڑی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گھڑی کو بھی زیربحث لے آئے۔ اشرف حسین نامی ایک ٹوئیٹر نے نئی دہلی سے اپنے تبصرے میں کہا شاہ رخ نے اتنی قیمتی گھڑی اپنی کمائی سے خریدی ہے اسے کسی نے تحفے میں نہیں دی جسے اس نے فروخت کردیا ہو اس لئے ان پر تنقید کرنے والے اپنی چونچ بند رکھیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی ایک گھڑی بھی پاکستان اور بیرون ممالک کے میڈیا میں تنقیدی حوالوں سے موضوع بحث بنی تھی جو ایک عرب ملک کے سربراہ نے انہیں ان کے حکومتی منصب کی حیثیت میں اپنی روایات کے مطابق تحفے کے طور پر دی تھی جو بعد میں مارکیٹ کے اندر فروخت کر دی گئی تھی۔اب پاکستانی سیاست کے حوالے سے عمران خان کی گھڑی کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری کے شاہ رخ خان کی گھڑی کے بھی چرچے ہو رہے ہیں۔