کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ سر ویون رچرڈز کے ساتھ وقت گزار کر مائنڈ سیٹ بدلا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد نواز نے کہا کہ کیوین پیٹرسن اور سر ویون رچرڈز کے ساتھ وقت گزار کر مائنڈ سیٹ بدلا، بڑے پلیئرز کے ساتھ سیکھتے ہیں کہ کیریئر لمبا کیسے کرنا ہے، اس بار بھی جو پلیئر کھیلیں گے ان کو گروم ہونے کا اچھا موقع ملے گا۔
محمد نواز نے کہا کہ ویون رچرڈز نے کافی چیزیں بتائیں، کرکٹ کی بنیادی چیزیں آسان الفاظ میں سمجھائیں، ویون رچرڈز نے بتایا کہ گیند کو دیکھ کر پلان کرو، پہلے سے ذہن نہ بناؤ، کووڈ کے ببل میں جو وقت گزرا وہ کافی مشکل تھا، اب اچھا لگ رہا ہے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ اس بار ٹیم کا اچھا کمبی نیشن ہے، غیر ملکی پلیئرز پورے ٹورنامنٹ کےلیے دستیاب ہیں، جس کا فائدہ ہوگا، ایونٹ میں وہ ٹیم کامیاب ہوتی ہے جس میں لوکل پلیئرز اچھا پرفارم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کےلیے کافی پر جوش ہیں، پچھلے دو ایڈیشنز میں اچھا نہ کر سکے، ہمارے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں، اچھا رزلٹ آئے گا۔
محمد نواز نے کہا کہ ٹیم میں متاثر کن پرفارمنس دے کر جیت میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ پی ایس ایل جیسا ٹورنامنٹ کھیلنا کسی بھی نوجوان کےلیے بڑا موقع ہے۔