سابق وزیر دفاع اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
لاہور میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران گفتگو چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، عدلیہ آئین کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے، آئین شکنی برداشت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرتے ہوئے فوری شیڈول جاری کرے، گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ کے معاملے پر فٹبال کھیلنا بند کریں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ قوم سب دیکھ رہی ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) الیکشن سے کس طرح خوفزدہ ہے، کسی کو آئین پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ انتخاب کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن اور دونوں صوبوں کے گورنرز کی آئینی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ آچکا ہے، اب انتخاب سے بھاگنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انتقامی کارروائیاں اور مقدمات تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتے۔