• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سمیت عالمی برادری بھارت سے تجارت مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرے، مقررین

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) برطانیہ سمیت عالمی برادری بھارت سے تجارت مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرے ،بھارت پر معاشی دباؤ بڑھا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار خالد محمود، طاہر علی ایم پیز اور دیگر نے یکجہتی کشمیرکی مناسبت سے پاکستان قونصلیٹ برمنگھم کے کمیونٹی ہال میں تقریب میں کیا ۔قونصلر جنرل سردار عدنان رشید کی صدارت و نگرانی اور وائس قونصلر جنرل بختاور میر کی نظامت میں منعقدہ اس پروگرام میں ایم پیز، کونسلرز، پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نےشرکت کی۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان اوروزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ایم پیز اور کونسلرز نےمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی، تقریب کے آغاز میں پاکستان اورکشمیر کے ترانے پیش کئے گئے۔ پروگرام میں وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک پیغام دیا۔ان کاکہنا تھا ہم کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑتے رہیں گے، ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،یکجہتی کشمیر تجدید عہد کا دن ہے، عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،میری والدہ نے اس دن کا آغاز کیا تھا اور اب یہ قومی دن بن چکا ہے، اس سے پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی دیکھ سکتے ہیں۔ قونصلر جنرل عدنان رشید،خالد محمود،طاہر علی،کونسلر مریم خان،سلمیٰ یعقوب،کشمیری نمائندگان راجہ فضل الرحمن، سعید مغل ایم بی ای ، چوہدری شاہ نواز،مولانا الطاف، مرزا اختر محمود، کونسلر ادریس، کونسلر ماجد،کشمیری تنظیموں کے سربراہان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کے عزم اور قربانی پر پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے،پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ جب بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو سب سے پہلی آواز برطانیہ سے بلند ہو تی ہے اور یہ سلسلہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گا۔

یورپ سے سے مزید