لاہور (نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی فون ٹیپنگ کے ذریعے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، لاہور میں کالم نگاروں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ عدلیہ خصوصا ًججز کیخلاف گھٹیا پروپیگنڈا مہم شرمناک ہے، ن لیگ عدلیہ پر یلغار کی تاریخ رکھتی ہے، دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔