کوئٹہ(آئی این پی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئین شکن عمران خان اور عارف علوی کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہئے۔ پارلیمنٹ آئین شکنی کرنے والوں کا ہاتھ روکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، عمران خان اور عارف علوی نے نہیں۔ عارف علوی نے انتخابات کی تاریخ کا حکم نامہ نہیں ʼسلیکشن نامہʼجاری کیا جسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں ʼون پارٹی رولʼاور پاکستان کو پھر ʼون یونٹʼبنانے کی سازش ہے، ہم علوی کی طرح غلام نہیں کہ عمران خان جو کہے، ہم وہ کرنے پر مجبور ہوں۔ عمران خان کے ساتھ حسن سلوک سے پتہ چلتا ہے کہ نیپیاں اب بھی تبدیل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شاہانہ پیشیوں سے واضح ہے کہ ایک شخص کے سامنے آئین و قانون سب بے بس ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور عمران خان کے ساتھ رویئے ملک میں رائج ʼدو پاکستان، دو نظامʼکا ثبوت ہے۔