پاکستان شوبز انڈسٹری کے بھولا عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ اور ابھرتی ہوئی اداکارہ کرن اشفاق نے طلاق کے بعد پہلی بار اس حوالے سے کھل کر بات کی اور سوشل میڈیا صارفین کو ان کے سوالوں کے جواب دیئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کرن اشفاق نے سوال جواب کا سیشن رکھا تو سوشل میڈیا صارفین نے ان سے ذاتی زندگی سے متعلق سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
کرن اشفاق نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شروع کئے گئے سلسلے میں پوچھے گئے تلخ سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور بتایا کہ طلاق کے بعد ان کی زندگی پُر سکون گزر رہی ہے اور یہ کہ انہوں نے طلاق لی نہیں بلکہ انہیں طلاق دی گئی ہے۔
دوبارہ شادی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ جب نصیب ہوگا تب دوسری شادی کر لیں گی۔
انہوں نے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مرد اچھا ہوتو اس کے لئے سب کچھ چھوڑا جاسکتا ہے اور یہ بھی بتایا کہ وہ شادی سے پہلے بہت زیادہ بولڈ تھیں اور شادی کے بعد شوہر کی خواہش پر اپنے آپ کو تبدیل کیا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے فاطمہ کو بہت باہمت قرار دیا اور کہا کہ عورت پر انگلی اُٹھانا آسان ہے شاید یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہوں نے عمران اشرف سے شہرت کے لئے شادی کی۔
انہوں نے طلاق کے بعد آنے والی مشکلات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وقت سب سِکھا دیتا ہے، یہ سب زندگی کا حصہ ہے۔
یاد رہے کہ کرن اشفاق نے کچھ ماہ قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے عمران اشرف کا نام ہٹا دیا تھا اور پھر بعدازاں سابق شوہر عمران اشرف کے ہمراہ شیئر کی گئی تمام تصویریں بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔
واضح رہے کہ اداکار عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق نے 2018 میں شادی کی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا ’روہم‘ ہے، جس کی پروریش دونوں مل کر کرہے ہیں۔