ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کرلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 220 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے 221 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19 اعشاریہ 1 اوورز میں 157 رنز ہی بنا سکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد حفیظ 48، سرفراز احمد 41 اور افتخار احمد 39 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فضل حق فاروقی اور حسن علی 3، 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کپتان شاداب خان اور ابرار احمد نے 2، 2 حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان میچ میں نروس نائینٹیز کا شکار ہوئے، انہوں نے 42 گیندوں پر 97 رنز کی باری کھیلی، اُن کی اننگز میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد کی طرف سے کولن منرو نے 38 اور آصف علی نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ راسی وین ڈیر ڈوسن 1، رحمان اللّٰہ گُرباز 8، کپتان شاداب خان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد حسنین اور اوڈین اسمتھ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور ایمل خان کے حصے میں 1،1 وکٹ آئی۔
اس سے قبل میچ کی ٹاس کے لیے شاداب خان اور سرفراز احمد میدان میں اترے، شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فضل الحق فاروقی اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں جبکہ ابرار احمد کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ 8 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا یہ چوتھا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پانچویں میچ تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو صرف 1 میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس نے دو مقابلوں میں فتح اپنے نام کی تھی۔
اس کے برعکس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 1 میچ میں فتح سیمٹی جبکہ 3 میں اسے شکست سامنا کرنا پڑا تھا۔