کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک کے تہوار کو سندھ میں بھی خوب طریقے سے منائیں ، انہیں پک اینڈ ڈراپ سروس بھی فراہم کی جائے گی ،۔ سندھ میں ایک شخص نہیں جوکہ عمران خان کے اعلان پر لبیک کہے۔ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز ، پارلیمنٹرین اور چاہنے والے نام لکھوائیں ،جعلی نمبر پلیٹس اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف آج سے صوبے بھر میں سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے ، کوئی اثر رسوخ اور سفارش کام نہیں آئے گی ، حکومت عوام کو پریشان کرنا نہیں چاہتی ، بہتر ہے شہری ایس او پیز پر عمل کریں اور خود ہی چیزوں کو ٹھیک کرلیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز ، پارلیمنٹرین اور چاہنے والے نام لکھوائیں ، اگر ہمیں نام نہیں دینا چاہتے تو میڈیا کو بتادیں ،انہوں نے کہا کہ لاڈلوں کو جہاں جہاں ریلیف دینا ہوتا ہے تو عدالتیں رات بارہ بجے اور اتوار کے روز بھی کھل جاتی ہیں ۔ اس میں چند لوگ مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جوڈیشل ایکٹوزم کا سب سے زیادہ شکار بنی ہے۔