• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کی 3 مقدمات میں ضمانت منظور، توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری، جوڈیشل کمپلیکس آمد پر ہنگامہ، توڑ پھوڑ دہشت گردی مقدمہ، 25 گرفتار

اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3مقدمات میں ضمانت منظور ہو گئی جبکہ اقدام قتل اور توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے‘ عمران خان کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں آمد پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی گئی ‘پولیس نے دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے 25افرادکو گرفتارکرلیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کے احتجاج و کار سرکار میں مداخلت‘ ممنوعہ فنڈنگ کیس اور اقدام قتل کیس میں عبوری ضمانتیں منظور کی گئیں جبکہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش نہ ہونے پر انکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں، ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ یہ کون سا طریقہ ہے کہ عمران خان کورٹس میں پیش ہوسکتے ہیں لیکن کچہری میں نہیں، فرد جرم عائد ہونا ہے ،ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے تو پھرچلے جائیں۔ توشہ خانہ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف احتجاج کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی، عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت 9 مارچ تک منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے،اسلام آباد ہائی کورٹ کےگیٹ پر عمران خان کی گاڑی کو روک دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد عمران خان کی گاڑی کو بائیومیڑک کیلئے احاطہ عدالت میں آنے کی اجازت دے دی گئی ، عمران خان نے گاڑی میں بیٹھ کر بائیو میٹرک کرایا جس کے بعد وہ عدالت میں پیش ہوئے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اقدام قتل کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی،خیال رہے کہ محسن شاہنواز رانجھا نے عمران خان کے خلاف اقدام قتل کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔عمران خان اقدام قتل اور توشہ خانہ ریفرنس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور انکے وکلا نے عدالت سے درخواست ضمانت بھی واپس لے لی،دوران سماعت عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان پیش نہیں ہوسکتے، مزید 5 روز کی مہلت دی جائے،ایڈیشنل سیشن جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا طریقہ ہے کہ عمران خان کورٹس میں پیش ہوسکتے ہیں، کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے، ادھرکیلئے ٹائم نہیں بچے گا، یہ کونساطریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے تو پھرچلے جائیں،بعد ازاں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے،سیشن عدالت نے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔

اہم خبریں سے مزید