پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 173 رنز تک محدود رہی۔
کراچی کنگز کی طرف سے میچ میں 2 نصف سنچریاں اسکور کی گئیں، میتھیو ویڈ 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ کپتان عماد وسیم نے 57 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں ایڈم روسینگٹن اور بین کٹنگ نے 15، 15 رنز بنائے جبکہ عامر یامین 8، طیب طاہر 6، عرفان خان 4، شعیب ملک ایک اور تبریز شمسی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کے عظمت اللّٰہ عمر زئی اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ مجیب الرحمان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
روومین پاول کو 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر یہ پہلا میچ ہے، کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 197 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو 198 رنز کا ہدف دیا۔
عماد وسیم کا یہ فیصلہ اُس وقت درست لگنے لگا جب محمد عامر نے پہلی ہی گیند پر محمد حارث کو صفر جبکہ ایک رنز بعد کپتان بابر اعظم کو بھی صفر پر پویلین لوٹایا۔
محمد عامر نے اپنے اگلے اوور میں صائم ایوب کو بھی میدان بدر کردیا۔
اس کے بعد ایسا لگا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز کو بڑا ہدف نہیں دے سکے گی لیکن اس کے بعد حسیب اللّٰہ خان، روومین پاول اور ٹام کوہلر کیڈمور نے کراچی کنگز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
حسیب اللّٰہ خان 50 اور روومین پاول 64 رنز کی باری کھیل کر گئے جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کے عامر جمال نے 5 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر نے 4 اور تبریز شمسی نے 1 وکٹ حاصل کی، ان کے علاوہ کوئی اور بالر خاطر خواہ پرفارمنس دکھانے میں ناکام ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا یہ دوسرا میچ ہے۔
14 فروری کو کراچی میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا تھا، جو بابر اعظم الیون نے صرف 2 رنز سے اپنے نام کیا تھا۔
پی ایس ایل میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے آخری 5 مقابلوں میں پشاور کی ٹیم ہی فاتح رہی ہے۔