کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پولیس پوری طرح الرٹ ہے اور کوشش کریں گے کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے کیس میں عمران خان کو گرفتار کریں۔ میں نے آئی جی اسلام آباد کو کہا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں جو کچھ ہوا اور صحافیوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے عمران خان سمیت تمام افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور قوم نے اپنے ووٹ کی طاقت سے اس کو مائنس نہ کیا تو یہ شخص ملک و قوم کو کسی حادثے سے دوچار کرے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پر حملے میں دو علیحدہ مقدمات درج کئے گئے ہیں جس میں ابھی تک 29 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں کبھی اس طرح نہیں ہوا جس طرح اس شخص نے کیا ہے، وہاں توڑ پھوڑ کی گئی جس پر دو مقدمات درج کئے گئے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں کیونکہ اگر اس عمل کی اجازت دی جائے کہ آپ جتھا لے کر آجائیں، گیٹ توڑ دیں، کیمرے توڑ دیں اور حملہ آور ہو جائیں تو پھر اس طرح تو ہر غنڈے اور بدمعاش کے لیے 100 ڈیڑھ سو بندے لانا کوئی مشکل نہیں ہے۔