پیرو کے ایک نوجوان ڈیلیوری بوائے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی گرل فرینڈ 800 سال پرانی ممّی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرو میں پونو میں آثار قدیمہ کے ایک مقام پر دوران تلاشی ڈیلیوری بوائے کے کولنگ بیگ سے 8 سو سال پرانی ممّی کی باڈی برآمد ہوئی۔
نوجوان ڈیلیوری بوائے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ممّی اس کی روحانی گرل فرینڈ ہے، جس کا نام ’جوانیتا‘ ہے اور یہ اسے اس کے ابا و اجداد کی جانب سے ورثے میں ملی ہے۔
اس سے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ یہ ممّی 800 سال سے اس کے خاندان کا حصہ ہے اور اس وقت اس کے والد کی ملکیت میں ہے تاہم وہ اپنے دوستوں کو دکھانے کی خاطر اسے اپنے ساتھ لے جارہا ہے۔
اس نے مزید بتایا کہ وہ اس ممّی کا خاص خیال رکھتا ہے، وہ اسے اپنے کمرے کے ایک باکس میں، ٹی وی کے ساتھ رکھتا اور وہیں سولاتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ ممّی 600 سے 800 سال پرانی ہے اور یہ کسی عورت کی نہیں بلکہ ایک بالغ مرد کی ممّی ہے، جس کی عمر موت کے وقت 45 برس کے آس پاس تھی اور اس کا قد تقریباً 4 فٹ 11 انچ تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ ممّی جنین کی حالت میں پٹیوں میں لپٹی ہوئی پائی گئی ہے، تدفین کا یہ طریقہ کار اس علاقے میں ہسپانوی آباد کاری سے قبل کا ہے۔
واضح رہے کہ پیرو کے اس علاقے میں ہسپانوی قوم کی آمد سے قبل مختلف ثقافتوں کے ماننے والے مختلف طریقہ کار سے ممیفکیشن کی مشق کیا کرتے تھے مختلف تہواروں کے موقع پر ان میں سے کسی کو دفن کیا کرتے تھے تو کسی کو واپس نکال لیا کرتے تھے۔
تاہم پولیس نے ممی کو قبضے میں لے کر محکمہ ثقافت کے حوالے کردیا جبکہ مذکورہ ڈیلیوری بوائے اور اس کے دو دوستوں کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔