• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس کو ’’ماموں‘‘ بنا دیا

لاہور(ایجنسیاں/جنگ نیوز)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور میں دن بھر ہلچل مچی رہی ‘پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں سے پولیس کی مڈبھیڑ‘ گرفتاری سے بچنے کیلئے عمران خان نے پولیس کو ’’ماموں ‘‘ بنادیا‘۔

 پولیس کے مطابق ایس پی کمرے میں گئے مگر وہاں پی ٹی آئی چیئرمین موجودنہیں تھے ‘ خالی کمرہ دکھا کر شبلی فراز نے نوٹس پر لکھ دیا کہ عمران دستیاب نہیں ‘عمران خان کچھ دیر بعد زمان پارک سے ہی برآمد ہوئے ‘ کارکنوں سے خطاب بھی کیا‘ پولیس لاہور سے خالی ہاتھ روانہ ہوگئی ‘صرف نوٹس کی تعميل کرائی جاسکی‘ اسلام آباد پولیس نے غلط بیانی پر شبلی فرازکے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔


 ادھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کا کوئی معاملہ نہیں ہے‘ عمران خان عدالت میں پیش ہونے اور سزا سے بچنے کے لیے بہانے کر رہے ہیں‘ عمران خان کی گرفتاری مشکل کام نہیں ہے‘ گرفتار کرنا ہوتا تو برگر رکاوٹ نہیں بن سکتے تھے‘ جس دن فیصلہ ہوا انہیں گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ آئی جی پولیس اسلام آباد اکبر ناصر نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا واضح حکم ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ وارنٹ کا پہلا قدم نوٹس ہے جو انہوں نے وصول کرلیا‘ان کے علم میں آگیا کہ عدالت انہیں بلارہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اب اگلا مرحلہ گرفتاری ہے۔

 کارکنان کی جانب سے مزاحمت پر آئی جی کا کہناتھاکہ گرفتاری میں رخنہ ڈالا گیا تو یہ ایک اور جرم ہوگا، کارکنان سے درخواست ہے کہ عدالت کے حکم اور پولیس کی کارروائی کو پورا کرنے میں مدد کریں۔ 

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد سے پولیس ٹیم عدالتی نوٹس کی تعمیل کروا کر واپس لوٹ گئی۔

عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس زمان پارک پہنچی تھی، اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے ایس پی طاہر حسین کو گھیر لیا۔زمان پارک کے باہر پولیس اورپی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا، مشتعل کارکنوں نے نعرے بازی بھی کی۔

عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فرازی نے پولیس سے عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس وصول کیا۔اسلام آباد پولیس نے اس حوالے سے کہا کہ عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں‘ ایس پی کمرے میں گئے تھے مگر وہاں سابق وزیراعظم موجود نہیں تھے ۔

علاوہ ازیں عمران خان کی زمان پارک میں موجودگی سے متعلق غلط بیانی پر اسلام آباد پولیس نے شبلی فراز کیخلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان رہائش پر موجود نہیں، قانونی کارروائی کی راہ میں غلط بیانی سے کام لینے پر شبلی فراز کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید