کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے صوبائی سینئر نائب صدر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ زمان پارک میں جو ظلم ڈھایا جارہا ہے ظلم ڈھانے والوں کو اس کا حساب بھی دینا پڑیگا ،عمران خان کو معزز عدالت نے 18مارچ کو طلب کیا ہے پھر چار روز قبل ہی ان کی گرفتاری کا کیا جواز ہے، عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے منصوبے اور معاہدے بنانے والے یاد رکھیں وہ پوری قوم کو جوابدہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ زمان پارک میں جو ظلم ہوا ایسا ظلم تو کبھی اسرائیل نے فلسطینیوں اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھی نہیں ڈھایا ہوگا ،توشہ خانہ کے حمام میں سب ننگے ہیں جو گاڑیاں اور درجنوں گھڑیاں لے اڑے ان سے کوئی کچھ نہیں پوچھ رہا مگر اس کیس میں عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے بڑے بڑے آپریشنز کئے جائیں گے قوم جاننا چاہتی ہے کہ یہ سب کچھ کیوں ہورہا ہے کیا عمران خان یا تحریک انصاف دہشتگرد ہے جن کے خلاف ریاستی طاقت استعمال کی جارہی ہے، انہوں نے کہاکہ عمران خان قوم کے ہیرو ہیں اگر انہیں کچھ ہوا تو قوم ایک ایک چیز کا حساب لے گی انہوں نے کہاکہ پنجاب اور کے پی کے کے الیکشن میں تحریک انصاف کلین سوئیپ کریگی۔