کوئٹہ(پ ر) عید الاضحی کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا حقیقی پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر اور خطیب جامع مسجد محمدیہ فاطمہ جناح روڈ قاری عبدالحفیظ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی۔ عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔آخر میں انہوں نے ملک و ملت اور افواج پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی۔