کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے عید الاضحی کے موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی سنت ابراہیمی کی قربانی کا درس دینے کے ساتھ جذبہ قربانی اور امت مسلمہ کے لئے ایک سبق ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پورے ملک کے عوام اس خوشی کے موقع پر اپنےارد گرد موجود غریب، نادار اور مستحق افراد کو باالخصوص ان کے معصوم بچوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ صرف جانور کی قربانی کا نام نہیں بلکہ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت، ایثار اور قربانی کی وہ روشن یاد ہے جس نے ہمیں یہ سبق دیا کہ اللہ کی رضا کے لیے ہر قسم کی قربانی پیش کی جا سکتی ہے کیونکہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے۔ یہ دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے لئے مشعل راہ ہے چیئرمین بلاول بھٹو اسوقت پاکستان کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑ رہے ہیں ۔ پاکستان کو عالمی سطح پر عہدے ملنا عید الاضحی کا تحفہ اور پاکستان کی بہترین سفارت کاری ہے۔ بلاول بھٹو کی ذہانت پاکستان کے عظیم مقصد کے لئے سرمایہ کی حیثیت رکھتی ہے۔