پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 172 رنز کا ہدف دیا، جو فاتح ٹیم نے 19ویں اوورز میں حاصل کرکے فائنل میں ملتان سلطانز سے مقابلے کی تیاری کرلی۔
پشاور زلمی کے خلاف 4 وکٹ سے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی میچ میں فتح کے ساتھ ہی ایونٹ کے فائنل کی دونوں ٹیمیں بھی سامنے آگئیں، یہی ٹیمیں گزشتہ سیزن کے فائنل میں بھی مدمقابل تھیں۔
لاہور قلندرز کی طرف سے اوپنر مرزا بیگ نے 54، سیم بلنگز نے 28 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 6، احسان حفیظ 15 اور عبداللّٰہ شفیق 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ ڈیوڈ ویزے 9 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
پشاور کی طرف سے عظمت اللّٰہ عمر زئی نے 2 جبکہ وہاب ریاض، عامر اجمل اور سلمان ارشاد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا فائنل 18 مارچ (ہفتہ) کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے ایلیمنیٹر 2 میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 171 رنز بنائے اور لاہور قلندرز کےلیے 172 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پشاور زلمی کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر صائم ایوب تھے، جو دوسرے اوور کی تیسری گیند پر بولڈ ہوگئے۔
5 گیندوں پر 9 رنز بنانے والے صائم ایوب کو زمان خان نے بولڈ کیا۔
دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حارث نے 89 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے کئی دلکش اسٹروکس لگائے۔
بابر اعظم نے اس دوران پی ایس ایل میں 500 سے زائد رنز بنانے کے ساتھ محمد رضوان سے ایونٹ کے دوران زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی چھین لیا۔
بابر اعظم 36 گیندوں پر 42 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اس دوران 7 چوکے لگائے، اس طرح وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ 64 چوکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے۔
کپتان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد بھی محمد حارث نے اپنی اننگز آگے بڑھائی اور 54 گیندوں پر 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹام کوہلر صفر، عامر اجمل 1 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ بھنوکا راجا پاکسے 25 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان اور راشد خان نے 2، 2 جبکہ کپتان شاہین آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے ایونٹ کے ڈو اینڈ ڈائی میچ کی ٹاس کے لیے بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی میدان میں اترے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، اسپنرز کو مدد ملے گی، ہدف حاصل کرنے کی کوشش کو آج کامیاب کریں گے۔
پشاور زلمی کی طرف سے بابر اعظم، صائم ایوب، محمد حارث، حسیب اللّٰہ، ٹام کوہلر، بھنوکا راجاپاکسے، عامر جمال، عظمت اللّٰہ عمر زئی، وہاب ریاض، مجیب الرحمان اور سلمان ارشاد میدان میں اترے۔
دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے فخر زمان ، مرزا بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، احسن حفیظ، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان کو لاہور قلندرز کی فائنل الیون میں شامل کیا تھا۔