• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف اسکاٹ لینڈ کے زیر اہتمام عمران خان سے یکجہتی کیلئے قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) تحریک انصاف اسکاٹ لینڈ نے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کو گرفتار کرنے کی حکومتی کوششوں کے خلاف پاکستان قونصلیٹ گلاسگو کے سامنے ایک پرجوش مظاہرہ کیا گیا جس میں شدید بارش کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا عمران خان کے حق میں جب کہ موجودہ حکومت کے خلاف شدیدنعرہ بازی کرتے رہے۔ تحریک انصاف برطانیہ کے جنرل سیکرٹری رانا حامد افضل، ویسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے جنرل سیکرٹری انس رانا، ظفر اللہ خان، رانا عدیم، چوہدری ندیم، میاں علی احمد صوفی، مولانا سلطان و دیگر نے خطابات میں کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ کے قریب پہنچا دیا ، ان کی توجہ صرف عمران خان کے خلاف مقدمات قائم کرنے پر ہے اور اب تک عمران خان کے خلاف80سے زائد جھوٹے مقدمات قائم کئے جاچکے ہیں۔ اس بار ان کے خلاف ایک نیا لندن پلان بنایا گیا ہے اور اس کا خالق وہ شخص ہے جو علاج کرانے کے بہانے پاکستان سے آیا اور اب برطانیہ سے واپس جانے کا نام نہیں لے رہا۔ رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے کو ہر وقت تیار ہیں بشرطیکہ ان کو سیکورٹی مہیا کی جائے۔ ان پر پہلے بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، حکومتی ٹولہ بخوبی سمجھتا ہے کہ الیکشن کی صورت میں وہ عمران خان کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے اس لئے ان کو مختلف طریقوں سے راستے سے ہٹانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ قانون میں واضح طور پر لکھا ہے کہ90دن کے اندر الیکشن کرائے جائیں لیکن یہ سب مل کر بہانے بنا رہے ہیں کہ حالات ایسے ہیں کہ الیکشن نہیں ہو سکتے اگر حکومت الیکشن کرانے کی اہل نہیں تو گھر جائے، پہلے انہوں نے الیکشن کمیشن کے ذریعے الیکشن نہ کرانے کی کوشش کی لیکن عدالتوں نے اسے ناکام بنادیا، یہ لوگ اب اعلیٰ عدالتوں کے خلاف بھی پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بہادر اور ا یماندار شخص ہے، وہ پاکستان کا اثاثہ اور غریب عوام کی واحد امید ہے۔ مظاہرے میں ڈنڈی سے چوہدری فخر اقبال اور انورنس سے راجہ اقبال نے خصوصی شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید