بالی ووڈ کی فلم ’ہیرا پھیری 4‘ بننے سے پہلے ہی قانونی مشکل میں پڑگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، میوزِک کمپنی ٹی سیریز نے فلم کی پروڈکشن ٹیم کو آڈیو اور ویژیول کے حقوق کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔
ٹی سیریز نے اس نوٹس میں فرنچائز کی اس چوتھی انسٹالمنٹ کے میوزک اور آڈیو کے تمام کاپی رائٹ کا واحد حق دار ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ نوٹس فلم پروڈکشن ہاؤس کو سُپر کیسٹس انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ (T-Series) کی جانب سے فلم کی موسیقی اور آڈیو ویژیول کے کاپی رائٹس کا واحد حقدار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے دیا جارہا ہے۔
نوٹس میں مزید لکھا گیا ہے کہ’تمام میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے اس فلم کی موسیقی اور آڈیو ویژیول کے کاپی رائٹس بیس انڈسٹریز گروپ نے T-Series کو تفویض کیے تھے‘۔
واضح رہے کہ فلم ’ہیرا پھیری 4‘ رواں سال ریلیز ہونے والی ہے جس میں اکشے کمار، پاریش راول اور سنیل شیٹی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، بھارتی میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ اس فلم میں سنجے دت بھی ایک اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔