واشنگٹن (واجدعلی سید) سینئر امریکی سینیٹر اور خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن کرس وان ہولر نے پاکستان اور بھارت میں آزاد اظہار اور صحافت کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا جو صورتحال ہے وہ پہلے سے کہیں زیادہ بدتر ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی بجٹ کے لیے درخواست کی سماعت کے موقع پر سینیٹر کرس وان ہولر نے آزادی اظہار اور صحافت کےلیے صورتحال کو پریشان کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت میں پریس کبھی بڑا متحرک رہا لیکن اب وہ کریک ڈاؤن کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق پر رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں جگہوں پر آزادی صحافت کو لاحق خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔ یہ ممالک پیشہ صحافت کے لیے غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔