• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشاد مستوئی اور شاہد زہری کی قربانی کا ریاستی سطح پر اعتراف خوش آئند ہے، بی یو جے

کوئٹہ( این این آئی) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے شہید صحافی ارشاد مستوئی اور شاہد زہری کو صدارتی ایوارڈ سے نوازنے پر صدر مملکت اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں صحافت کے شعبہ میں گرانقدر خدمات اور جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے شہدا کو ایوارڈ سے نوازنا قابل تحسین اقدام ہے۔بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ نے شہید صحافت ارشاد احمد مستوئی اور شاہد زہری کو بعد از مرگ صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازنے پر صدر مملکت عارف علوی حکومت پاکستان اور گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید صحافی ارشاد مستوئی اور شاہد زہری کا غم بلایا نہیں جاسکتا تاہم ان کی خدمات اور قربانی کا ریاستی سطح پر اعتراف صحافتی برادری اور شہید صحافیوں کے اہل خانہ کے زخموں پر مرہم ضرور ہے۔ بی یو جے کے مشترکہ بیان میں حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہید ارشاد مستوئی اور شاہد زہری سمیت تمام شہید صحافیوں کے کیسز میں پیشرفت سے متعلق بی یو جے کو آگاہ کیا جائے۔ شہید صحافیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ بیان میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت شہید ارشاد مستوئی کے بچوں کو رہائش کیلئے گھر اور ان کی بیوہ کو ملازمت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے ۔
کوئٹہ سے مزید