کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر)ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لورالائی کا پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن بغیر دستاویز گاڑیوں کو جرمانے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر/ چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لورالائی ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لورالائی ڈویژن امیر محمد مندوخیل، ایکسائز افسر جمیل کاکڑ اور ٹریفک پولیس انچارج لورالائی منظور حسنی کی نگرانی میں لورالائی تا کوئٹہ روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ایکسائز پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس دوران پبلک کیرئیر وہیکلز کے روٹ پرمٹس، گاڑیوں کی فٹنس، کرایہ نامہ، ڈرائیور لائسنس، رجسٹریشن و دیگر قانونی کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی، جب کہ مشہور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کمپنی ڈائیو کی بسوں کے خفیہ خانوں کی بھی خصوصی چیکنگ کی گئی۔کارروائی کے دوران متعدد گاڑیاں ایسی پائی گئیں جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود نہ تھیں۔ متعلقہ ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کو موقع پر ہی قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے گئے۔سیکرٹری آر ٹی اے امیر محمد مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ ریجن بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے، عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات جاری رہیں گے۔