• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی قرارداد منظور کرلی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔

7 صفحات پر مشتمل یو این اعلامیہ جولائی میں سعودی عرب، فرانس کی میزبانی میں بین الاقوامی کانفرنس کا نتیجہ ہے۔

یہ قرارداد 142 ممالک کی اکثریت سے منظور ہوئی جبکہ اسرائیل اور امریکا سمیت 10 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ 12 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔

امریکا اور اسرائیل کے علاوہ 8 ممالک نے اس قرارداد کی مخالفت کی جن میں ارجنٹائن، ہنگری، مائیکرونیشیا، ناورو، پلاؤ، پاپوا نیو گنی، پیراگوئے اور ٹونگا شامل ہیں۔

ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے ممالک میں البانیہ، کیمرون، جمہوریہ چیک، ایکواڈو، ایتھوپیا، فجی، جمہوریہ کانگو اور گوئٹے مالا شامل ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کا اعلامیہ مسترد کر دیا۔

دوسری جانب فلسطین کی وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دو ریاستی حل سے متعلق قرارداد کی بھاری اکثریت سے منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطین کی ریاست سعودی عرب اور فرانس کی شکر گزار ہے جنہوں نے بین الاقوامی کانفرنس کی صدارت کی اور نیویارک اعلامیے کو عملی منصوبے میں بدلنے کے لیے نمایاں کوششیں کیں۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی نو آبادیاتی قبضے کے خاتمے کے لیے تمام میکنزم کو فعال کیا جائے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو یقینی بنایا جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید