کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)انجمن اتحاد اخبار فروشاں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئٹہ میں موٹرسائیکل سواروں کو بلاجواز تنگ کرنے ، اخبار فروشوں اور شہریوں کے ساتھ نامناسب رویے کی مذمت اور ایس پی ٹریفک و دیگراعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے ساتھ نامناسب رویہ کا نوٹس لیا اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز لیاقت بازار میں ٹریفک پولیس اہلکاروں نے کئی موٹر سائیکلوں کو اٹھاکر صرف اس لئے بند کیا کہ وہ غلط پارک ہیں جبکہ لیاقت بازار میں اس وقت درجنوں گاڑیاں پارکنگ کی گئی تھیں جن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ایک اخبار فروش کی موٹرسائیکل بھی گاڑی میں ڈال دی کاغذات اور نمبر پلیٹ درست ہونے کے باوجود 500 روپے کا چالان کیا گیا جو ادا کردیا گیا ، جس کے بعد پولیس اہلکاروں سے کاغذات اور موٹرسائیکل واپس کرنے کو کہا گیا تو ٹریفک پولیس اہلکاروں نے نہائت نامناسب رویہ اختیار کیا جس کی انجمن اتحاد اخبار فروشاں مذمت کرتی ہے ۔ بیان میں آئی جی پولیس ، ایس پی ٹریفک اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے ، شہریوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر انجمن اتحاد اخبار فروشاں سخت احتجاج پر مجبور ہوگی ۔