طویل دورانیے تک بھوکے پیاسے رہنے کے فوری بعد سگریٹ نوشی امراض قلب کے خطرات میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
ترکی کے ماہرین امراض قلب نے خبردار کیا ہے کہ طویل دورانئے تک بھوکے پیاسے رہنے بالخصوص رمضان المبارک میں افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی کرنے سے امراض قلب کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
حالیہ مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی کرتے ہیں انہیں جسمانی جھٹکوں ، چکر اور ہاتھوں اور پاوں میں کپکپاہٹ کی شکایت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس لیے کہ طویل وقفے کے بعد سگریٹ پینے سے جسم کا مدافعتی نظام درہم برہم ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان میں سگریٹ نوشی سے خون کی شریانوں کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جو باقی سال بھر پہنچے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بعض طبی تحقیقوں سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان میں امراض قلب کے سبب اموات میں اضافہ ہوجاتا ہے، جس کی عام وجہ افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ رمضان کے مہینے سے فائدہ اٹھا کر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا آغاز کیا جانا چاہیے اور روزے کے طویل اوقات کے دوران جسم کے تمباکو کے عدم استعمال کی عادت سے مستفید ہونا چاہیے۔