• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر اکمل کو کرکٹر بنانے والے تین لوگ کون؟


قومی کرکٹر عمر اکمل نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کی انہوں نے پاکستان کو کئی میچز جتوائے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عمر اکمل ایک خوفناک حادثے میں اتنے زخمی ہوگئے تھے کہ ڈاکٹروں نے کہہ دیا تھا ’یہ کبھی بھی کرکٹ نہیں کھیل سکتے‘۔ عمر اکمل نے خود اس بات کا انکشاف ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

عمر اکمل نے بتایا کہ مجھے پتنگ بازی، اسنوکر اور بائیکنگ کا بہت شوق تھا، ون ویلنگ کرتا تھا تو سارے بھائی ڈانٹتے تھے، پھر انہوں نے بتایا کہ جب ون ویلنگ کرتے ہوئے میرا ایکسیڈنٹ ہوا تھا تو فریکچر کی وجہ سے پاکستانی ڈاکٹرز نے کہہ دیا تھا کہ اب یہ کرکٹ نہیں کھیل سکتا۔

عمر اکمل بتاتے ہیں کہ جب ایک دو مہینے کرکٹ اکیڈمی نہیں گیا تو مدثر نذر صاحب جو مجھے بہت پسند کرتے تھے، انہوں نے کامی بھائی سے پوچھا کہ چھوٹا کہاں ہے نظر نہیں آ رہا، کامی بھائی نے انہیں حادثے کے بارے میں بتایا، عمر اکمل کے مطابق مدثر نذر صاحب نے ان کی رپورٹس منگوائیں اور ساؤتھ افریقہ بھجوا دیں۔ ان کے علاوہ دو ڈاکٹرز نے ساؤتھ افریقہ کے ڈاکٹرز کیساتھ مل کر سارا ٹریٹمنٹ پلان کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مدثر نذر صاحب نے کرکٹ اکیڈمی کے خرچے پر میرا علاج کروایا، ان کے علاوہ ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر سہیل نے پورا پورا دن میرے ساتھ ورک آؤٹ کیا اور انہوں نے ایک مہینے میں مجھے پاؤں پر کھڑے ہونے کی ہمت دے دی۔

عمر اکمل نے کہا کہ آج میں کرکٹ کی دنیا میں جو کچھ بھی ہوں اللہ تعالیٰ اور اپنے گھر والوں کے بعد اُن تین لوگوں کی وجہ سے ہوں۔

خاص رپورٹ سے مزید