نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا ہے کہ کین ولیمسن کے لیے ورلڈ کپ کے دروازے بند نہیں ہوئے۔
گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ تجربہ کار بیٹر کین ولیمسن مقررہ وقت میں مکمل صحت یاب ہو سکتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کہا ہے کہ ابھی ورلڈ کپ میں وقت ہے، کین ولیمسن کے نہ کھیلنے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کین ولیمسن کی سرجری کامیاب ہوئی ہے اور وہ ری ہیب کے ابتدائی مرحلے میں ہیں، کین ولیمسن جیسی کلاس کے کھلاڑی کو اتنی جلد میگا ایونٹ سے باہر نہیں کرسکتے۔
کیوی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ کین ولیمسن کی دستیابی کے امکانات کم ہیں لیکن کچھ بھی کہنا بہت جلد ہوگا، چانس مل بھی سکتا ہے، انہیں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت سے بھی ساتھ لے جانے پر غور ہو سکتا ہے۔
گیری اسٹیڈ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا نتیجہ شاندار رہا ہے، پاکستان ٹیم مکمل اسٹرینتھ کے ساتھ کھیل رہی تھی، نیوزی لینڈ کے زیادہ کھلاڑی آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ کین ولیمسن آئی پی ایل میں دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد ان کا نیوزی لینڈ میں گھٹنے کا آپریشن ہوا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ کین ولیمسن ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں کیونکہ ان کو صحت یابی کے لیے 6 ماہ درکار ہیں۔