احتجاج کرنے والے بھارتی ایلیٹ پہلوانوں نے پہلے سیکورٹی کا مطالبہ کیا اور پھر خود ہی سیکورٹی لینے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کرنے والے بھارتی ایلیٹ پہلوان بجرنگ پونیا نے یہ کہتے ہوئے سیکورٹی لینے سے انکار کر دیا کہ اگر ہم یہاں محفوظ نہیں ہیں تو پھر کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے 27 اپریل کو عدالت سے سیکورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جاری کیا تو احتجاج کرنے والے ایلیٹ پہلوانوں کو دہلی پولیس نے سیکورٹی فراہم کی تاہم انہوں نے اہلکاروں کو واپس بھجوا دیا۔
یاد رہے کہ پہلوانوں نے فیڈریشن کے چیف برج بھوشان شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فیڈریشن چیف کو گرفتار کیا جائے۔
دوسری جانب احتجاج کے باعث پہلوانوں کے اور ایک رینکنگ ریسلنگ سیریز مس کرنے کا امکان ہے جبکہ اس سے قبل فروری میں دو رینکنگ سیریز اور اپریل میں ایشین سنیئر چیمپئین شپ بھی مس کر چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پہلوانوں کے اب اگلے ماہ بشکیک میں رینکنگ سیریز میں شرکت کا امکان نہیں کیونکہ بشکیک سیریز کے لیے نام بھیجنے کی آخری تاریخ یکم مئی تھی اور ایلیٹ پہلوانوں کے نام نہیں بھیجے گئے۔
واضح رہے کہ بشکیک ریسلنگ سیریز یکم سے چار جون تک منعقد ہوگی جبکہ سال کی چوتھی اور آخری رینکنگ سیریز جولائی میں بڈا پسٹ میں ہوگی۔