• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

114 سالہ خاتون جاپان کی معمر ترین شخصیت قرار، طویل عمر کا راز بھی بتادیا

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

جاپانی وزارتِ صحت، محنت و بہبود کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شگیکو کاگاوا، ایک 114 سالہ ریٹائرڈ فزیشن، اس وقت جاپان کی سب سے معمر ترین زندہ شخصیت ہیں، وہ ایک طویل اور سرگرم زندگی گزارنے کے بعد آج بھی ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند ہیں۔

’اے بی سی‘ نیوز کے مطابق شگیکو کاگاوا، اپنی ہم عمر میوکو ہیرو یاسو کی وفات کے بعد جاپان کی سب سے عمر رسیدہ خاتون قرار پائی ہیں۔ 

دلچسپ بات یہ ہے کہ شگیکو کاگاوا نے ناصرف طب کے شعبے میں اہم خدمات انجام دیں ہیں بلکہ 109 برس کی عمر میں ٹوکیو 2021ء اولمپکس کے مشعل برداروں میں بھی شامل ہو کر تاریخ رقم کی۔

جنگِ عظیم سے قبل گریجویشن اور 86 سال کی عمر تک طب کی خدمت

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شگیکو کاگاوا، پیشے کے لحاظ سے گائناکالوجسٹ تھیں، انہوں نے جنگِ عظیم دوم سے قبل میڈیکل اسکول سے تعلیم حاصل کی، جنگ کے دوران اوساکا کے ایک اسپتال میں خدمات انجام دیں اور بعد ازاں اپنے خاندانی کلینک کی ذمہ داریاں سنبھالیں، کاگاوا 86 برس کی عمر میں ریٹائر ہوئیں۔

طویل عمر کا راز، نہ کوئی خاص ڈائٹ، نہ کوئی جادوئی نسخہ

معمر ترین خاتون کے اہلِ خانہ کے مطابق کاگاوا  نے طویل عمری کے لیے کبھی کوئی غیر معمولی طریقہ اختیار نہیں کیا، ان کا معمول سادہ ہے، وہ وقت پر سونا، وقت پر جاگنا اور دن میں تین مکمل مگر متوازن کھانے کھاتی ہیں، وہ کبھی ضرورت سے زیادہ نہیں کھاتیں اور سادہ زندگی گزارتی ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران جب کاگاوا سے طویل عمری کے راز سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں بتایا کہ جب میں ڈاکٹر تھی، اس وقت گاڑیاں نہیں ہوتیں تھی، میں پیدل ہی لمبی مسافتیں طے کیا کرتی تھی، شاید یہی میری صحت اور طویل عمری کی کی بنیادی وجہ ہے۔

دو سال قبل ایک غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران شگیکو کاگاوا نے بتایا تھا کہ میں روز کوئی نہ کوئی گیم کھیلتی ہوں، میری توانائی ہی میری سب سے بڑی طاقت ہے، میں آزاد ہوں، جو دل چاہے کھاتی ہوں، جہاں چاہوں جاتی ہوں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 114 برس کی عمر کے باوجود کاگاوا آج بھی باقاعدگی سے اخبار پڑھتی ہیں، وہ بڑے شوق سے اپنے روزمرہ کا مطالعہ کرتی ہیں تاکہ ذہنی طور پر متحرک رہ سکیں۔

یاد رہے کہ شگیکو کاگاوا سے قبل جاپان کی سب سے معمر شخصیت میوکو ہیرو یاسو تھیں جنہوں نے 113 برس کی عمر میں وفات پائی تھی۔

میوکو ہیرو یاسو بھی ایک فعال زندگی گزار چکی تھیں، انہوں نے فنونِ لطیفہ کی تعلیم حاصل کی تھی اور طویل عمر کے آخری ایّام میں اخبارات پڑھ کر اور ڈرائینگ کر کے اپنا دل بہلاتی تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید