لندن (اے ایف پی)شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی سے قبل سینکڑوں جنوبی افریقی شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ملک سے برطانیہ لے جائے گئے ہیرے واپس کیے جائیں۔ دنیا کا سب سے بڑا شفاف ہیرا 1905 میں جنوبی افریقہ میں دریافت ہوا تھا۔جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والے سب سے بڑے شفاف ہیرے کا نام کلینن ڈائمنڈ ہے اور اسے اس وقت کی نوآبادیاتی حکومت نے کِنگ ایڈورڈ ہفتم کو ان کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر بطور تحفہ دیا تھا۔ بعدازاں اس ہیرے کو متعدد ٹکڑوں میں کاٹ دیا گیا تھا اور سب سے بڑا ٹکڑا شاہی عصا پر جڑ دیا گیا تھا۔ ہیرے کا یہ ٹکڑا افریقہ کےعظیم ستارے سے بھی معروف ہے۔اس کا ایک اور ٹکڑا امپیریل اسٹیٹ کراؤن پر جڑا ہوا ہے۔حال ہی میں8 ہزار سے زائد جنوبی افریقی شہریوں نے ایک آن لائن پٹیشن پر دستخط کیے ہیں، جس میں چارلس سوم سے کلینن ہیرے واپس کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کلینن ہیرے شاہی خاندان کے واحد متنازع جواہرات نہیں ہیں۔ ملکہ کیملا نے اعلان کیا تھا کہ وہ سیاسی حساسیت کی وجہ سے تاج پوشی کے موقع پر بھارت سے لائے گئے مشہور کوہ نور ہیرے کو نہیں پہنیں گی۔