• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، پاکستان کا بھارت سے براہ راست رابطے کا فیصلہ، تحفظات دور کرنے کی کوشش

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ میزبانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے پی سی بی نے بھارتی بورڈ سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی تحفظات دور کرنے کیلئے سری لنکا اور بنگلا دیش سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ سے بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ نجم سیٹھی نے ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں میچ کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ شاید وہ چاہتے ہیں کہ ہم بھارت نہ آئیں، میں انکی سیاست میں نہیں جانا چاہتا لیکن یقینی طور پر اگر سب سے زیادہ ہمیں سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا تو وہ احمد آباد ہے، پاک بھارت میچ اگر چنئی یا کولکتہ میں ہوتا تو بھی سمجھ میں آتا، احمد آباد میں کون سیاسی طور پر حکومت کرتا ہے سب جانتے ہیں۔ورلڈکپ نہ کھیلنے سے 3ملین ڈالر کا نقصان ہو گا لیکن اس نقصان سے فرق نہیں پڑتا، ورلڈکپ کے میچز بنگلہ دیش ، سری لنکا یا یواے ای میں کھیل سکتے ہیں مگر بھارت میں نہیں، اگر بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی تو، بی سی سی آئی جہاں کہے گا ہم کھیلنے کو تیار ہیں۔ دوسری صورت میں پاکستان بھی ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جاسکتا۔ بھارتی میڈیا میں کہا جارہا ہے کہ پاکستان اپنے ورلڈکپ کے میچز چنئی اور بنگلور میں کھیل سکتا ہے جبکہ کولکتہ کے کو بھی میزبانی کا ممکنہ مقام سمجھا جارہا ہے۔ دوسری جانب ایشیا کپ کے ہائی برڈ فارمولے اور میچز امارات میں ہونے پر سری لنکا اور بنگلا دیش بورڈز کو اعتراضات ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بحرین میں ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ پاکستان کے بغیر ایشیا کپ نہیں ہوگا، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کوایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش سے بات کریں انہیں اعتراضات ہیں، جے شاہ نے ہائبرڈ ماڈل کو نہ ریجیکٹ کیا اور نہ ہی قبول کیا ہے، اگرایشین کرکٹ کونسل ہمارے بغیر ایشیا کپ کر اتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں، ایشیاکپ کیلئے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل بھی پیش کیا لیکن بی سی سی آئی بضد ہے کہ ہم نہیں مان رہے، انہوں نے اپنے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کرلیا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیاکپ کیلئے جو ہائبرڈ ماڈل ہوگا وہی ورلڈکپ کیلئے بھی ہوگا، جس طرح بھارتی ٹیم کو پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں، اسی طرح ہمیں بھی ہیں۔ پاکستان نے آئی سی سی کو ورلڈکپ میں شمولیت کی یقین دہانی نہیں کر ائی۔ ایشیاکپ کیلئے بھارت ہائبرڈ ماڈل پر مان جاتا ہے تو ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز بنگلہ دیش یا جہاں بی سی سی آئی اور آئی سی سی سمجھتے ہیں وہاں کھیلنے کو تیار ہو گا۔