کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں مختلف شہروں میں کرکٹ اسٹیڈیمز کی بہتری کے مشن پر ہے، جسے گورننگ بورڈ کی تائید بھی حاصل ہے۔ بورڈ نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جبکہ ایل سی سی اے گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کرایا ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پی ایس ایل لندن و نیویارک روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم کی محنت اور پروفیشنل ازم کو سراہا گیا۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق بی او جی کے اجلاس میں سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورہ کو جاری رکھنے کے لیے محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اظہار تشکر کی قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریجنل لیول پر معروف نجی فرم نے کلبز کی اسکروٹنی کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔