کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 11 نئے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا جس میں8 ٹیمیں 39 دن میں 44 میچ کھیلیں گی۔ پہلا راؤنڈ سنگل لیگ کی بنیاد پر ہی ہوگا، ہر ٹیم کو کم سے کم 10 میچ کھیلنے کو ملیں گے۔ پی ایس ایل کے میچ آئندہ سال 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک 5 شہروں لاہور، کراچی، فیصل آباد، پنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ پشاور اور مظفر آباد می کوئی میچ ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، پہلے مرحلے میں 28 میچ ہوں گے، دوسرے مرحلے میں 8 ٹیموں کو 4-4 کے 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم 3-3 میچ کھیلے گی، دونوں گروپس کی 2 ٹاپ ٹیمیں پلے آف کھیلیں گی۔ کرکٹ بورڈ فرنچائز سے میٹنگ کے بعد شیڈول جاری کرے گی۔