• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے کے وسط میں موجود یہ فارم کس ملک میں ہے؟

انگلستان میں ویسٹ یارکشائر کے علاقے کیلیڈر ڈیل میں اسکاٹ ہال نامی یہ فارم ایک مصروف موٹروے کے درمیان میں موجود ہے، یہ دنیا بھر میں واحد فارم ہے جو کہ موٹروے کی وسط میں واقع ہے۔

اسکے ارد گرد رکاوٹیں اور باڑ نصب ہیں تاکہ فارم میں موجود مویشی اندر ہی موجود رہیں اور تیز رفتار گاڑیاں بھی محفوظ طریقے سے گزریں۔ 

یہ فارم شمالی انگلینڈ کے لیورپول اور ہل نامی شہروں کو ملانے والی ایم 62 موٹر وے پر واقع ہے۔ منفرد فارم اپنی دلکشی کی وجہ سے برطانیہ کی موٹرویز نیٹ ورک کے 10 بہترین مقامات میں شامل ہے، جب کہ اس کے بارے میں مختلف روایتی کہانیاں اور تصورات  موجود ہیں۔

جن میں سب سے مشہور یہ دعویٰ ہے کہ موٹروے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی وجہ اس فارم کے مالکان نے جگہ فروخت کرنے سے انکار کرنا تھی، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انہیں بھاری رقوم کی پیشکش کی گئی کہ وہ یہ جگہ موٹروے کی تعمیر کے لیے خالی کردیں لیکن انہوں نے اسے مسترد کر دیا۔

تاہم حقیقی صورتحال کافی مختلف ہے۔ 1983 کی ایک برطانوی ٹی وی ڈاکومینٹری کے مطابق اسکاٹ ہال فارم کے مالکان کو دراصل جگہ فروخت کرنے کے لیے کبھی کہا ہی نہیں گیا۔ 

1960 کے عشرے میں موٹروے کی تعمیر کے وقت انجینئرز نے یہ تعین کیا کہ اس جنگل میں واقع پراپرٹی میں ارضیاتی نقص موجود ہے، لہٰذا یہ بہتر ہوگا کہ موٹروے اس کے ارد گرد بنائی جائے اور انہوں نے فارم مالکان کو وہیں رہنے کی اجازت دے دی۔

فارم کے موجودہ مالکان کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے اس واحد اور عجیب و غریب فارم میں اپنی زندگی سے مطمئن ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید