• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہدایتکار کریتی سینن کو فلموں کیلئے منتخب کرتے ہوئے کیوں ہچکچاتے تھے؟

کریتی سینن، فائل فوٹو
کریتی سینن، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینن نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایتکار فلموں کے لیے ان کا انتخاب کرتے ہوئے ہچکچاتے تھے۔

کریتی سینن نے حال میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں میں درپیش مشکلات کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ ابتداء میں فلمساز اور ہدایت کار مجھے فلموں کے لیے آن بورڈ لینے سے ہچکچاتے تھے کیونکہ جب آپ فلم انڈسٹری میں قدم رکھتے ہیں اور آپ کا تعلق کسی ایسی فیملی سے ہو جہاں سے پہلے کسی نے بھی فلموں میں کام نہ کیا ہو تو انڈسٹری کے لوگوں کو آپ کا نام جاننے میں وقت لگتا ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ لہٰذا، جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو میں چاہتی تھی کہ لوگ میرا نام جانیں لیکن صرف میرے ہنر کی وجہ سے۔

کریتی سینن نے کہا کہ میں فلم ’بریلی کی برفی‘ اور ’لوکّا چُھپّی‘ سے پہلے تک ہمیشہ اپنی پرفارمنس کے لیے توثیق کی خواہش رکھتی تھی اور یوں میں صحیح سمت میں چھوٹے چھوٹے قدم اٹھا رہی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ فلم ’میمی‘ کے بعد میرے کیریئر میں بہت بڑی تبدیلی آئی، مجھے بہترین اداکار کے ایوارڈز کا پہلا سیٹ ملا اور یہ کامیابی حاصل کرنے میں مجھے8 سال لگے۔

اُنہوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہت سے لمحات آئے جب میں جانتی تھی کہ میں مزید کچھ کر سکتی ہوں لیکن مجھے اس قسم کے مواقع نہیں ملے جیسے میں حاصل کرنا چاہتی تھی۔

کریتی سینن نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی انسان کو زندگی میں ملے اس پر اپنی پوری محنت کرنی چاہیئے پھر یہ ضروری نہیں کہ انسان کے پاس دنیا کی سب سے اچھی چیز ہو لیکن اس سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ضرور ملے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید