پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار عمر عالم نے اپنے نکاح کے دوران پیش آنے والا دلچسپ و منفرد قصہ سنا دیا۔
حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے اداکار عمر عالم نے اپنی اہلیہ فضا کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی کے پُر مسرت موقع پر پیش آنے والے دلچسپ قصے سنائے۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے کہا کہ الحمدللّٰہ نکاح کی تقریب مجموعی طور پر خوش گوار رہی، تاہم نکاح خواں کی جانب سے دیا گیا وعظ ہمارے لیے حیران کن تھا۔
اداکار نے کہا کہ مولوی صاحب نے اپنے وعظ میں کہا کہ لڑکیاں جب دوسرے گھر جاتی ہیں تو اکثر ان کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے، انہیں دبایا جاتا ہے، ان سے غلط رویہ اختیار کیا جاتا ہے اور بعض اوقات انہیں تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عمر عالم کا کہنا ہے کہ نکاح کے بالکل بعد ہی ایسی باتیں سن کر میں فکرمند ہو گیا تھا، میں نے مولوی صاحب سے کہا کہ ابھی ابھی تو نکاح ہوا ہے اور آپ ابھی سے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم اپنی نئی زندگی کا آغاز کر رہے تھے اور ایسے میں اس قسم کی گفتگو ہمیں نامناسب لگی، میں یہ بھی سوچا رہا تھا کہ اس وقت فضا معلوم نہیں کیسا محسوس کر رہی ہوں گی۔
ان کے مطابق ممکن ہے نکاح خواں کے ذہن میں کوئی بات ہو، لیکن نکاح کے موقع پر اس نوعیت کی تقریر عجیب محسوس ہوئی۔
اس موقع پر فضا عمر نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ نکاح خواں کا خطاب واقعی کچھ حد تک عجیب تھا۔