• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ تکبیر کی سلور جوبلی، اہم شخصیات کا اظہارِ خیال

۔۔۔فائل فوٹو
۔۔۔فائل فوٹو

یوم تکبیر کی سلور جوبلی پر اہم شخصیات نے اظہارِ خیال کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکرراجہ پرویز اشرف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 28 مئی کا دن ملک کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

28 مئی کا دن ملک کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا: پرویز اشرف

راجہ پرویز اشرف کاکہنا ہےکہ 28 مئی کو پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا، 28 مئی کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کی تکمیل ہوئی۔

نواز شریف نے ذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی، حمزہ شہباز

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن ناصرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے اعزاز اور فخر کا دن ہے، نواز شریف نے ذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شرف مسلم لیگ ن کی محبِ وطن قیادت کو ہی نصیب ہواجس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہم ملکی دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے یکسو ہیں، پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آج کے دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت کے طور پر ابھرا تھا، نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ اعظم خان کا کہنا ہے کہ 28 مئی کا دن پوری امت مسلمہ کے لیے فخر اور اعزاز کا دن ہے، اس دن پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت کے طور پر ابھرا تھا۔

28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا: گورنر پنجاب

گورنر پنجاب بلیغ رحمٰن نے کہا ہے کہ آج کادن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرناہو گا۔

گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے افواجِ پاکستان اور سیکیورٹی فورسز نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔

25 سال قبل پاکستان نے ایٹمی طاقت حاصل کی: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہےکہ آج سے 25 سال قبل 1998ء کو پاکستان نے ایٹمی طاقت حاصل کی، پاکستان کا دفاع مضبوط اور ایٹمی صلاحیت جنوبی ایشیائی خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ہے۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ پاکستان سرحدوں کی حفاظت اور سالمیت برقرار رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، فخر ہے ہم ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جو مسلم امہ کی واحد ایٹمی قوت ہے۔

28 مئی یوم تکبیر ملکی تاریخ کا سنہرا دن ہے: گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر ملکی تاریخ کا سنہرا دن ہے، یوم تکبیر قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے پشاور میں ایٹمی قوت کی یادگار چاغی پہاڑ کے ماڈل کو آگ لگائی۔

خاص رپورٹ سے مزید