امریکا کی یونیورسٹی آف میساچوسیٹس سے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ کو ارب پتی شخص رابرٹ ہیل نے ایک، ایک ہزار ڈالر انعام دیا ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق رابرٹ نے ڈھائی ہزار طلبہ میں نقد رقم کے لفافے تقسیم کیے۔
ہر طالبعلم کو دو لفافے دیے گئے جن میں 500، 500 ڈالر تھے، ایک لفافہ طالبعلم کیلئے تھا اور ایک اس لیے کہ کسی مستحق شخص یا خیراتی تنظیم کو دیا جائے۔
رابرٹ ہیل نے کہا کہ یہ مشکل حالات ہیں، آپ لوگ کامیاب ہوگئے ہیں، آپ لوگ جشن منائیں گے، آپ نے مشکلات پر قابو پایا، یہ آسان کام نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ پر فخر کرتے ہیں، ہم آپ کے ساتھ اس خوشی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ہم آپ کو دو تحفے دے رہے ہیں، ایک آپ کیلئے ہے اور دوسرا عطیہ کرنے کیلئے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ رابرٹ ہیلز نے طلبہ کو نقد تحائف دیے ہوں، پچھلے سال مئی میں انہوں نے راکسبری کمیونٹی کالج کے 150 طلبہ کو ہزار ڈالر فی کس رقم دی تھی۔
اسی طرح 2021 میں کوئنسی کالج میں انہوں نے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ کو ہزار، ہزار ڈالر دیے تھے۔
رابرٹ ہیلز کے اثاثوں کی مالیت 5 ارب ڈالر ہے اور وہ 28 کروڑ ڈالر کینسر ریسرچ، تعلیمی اداروں اور دیگر خیراتی تنظیموں کو عطیہ کرچکے ہیں۔