• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کیخلاف زیادہ باتیں کرنے والوں کو پارٹی میں نہیں لیں گے، یوسف رضا گیلانی

سابق وزیراعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کےخلاف زیادہ باتیں کی ہیں ان کو پارٹی میں نہیں لیں گے۔ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

لاہور میں بلاؤل ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں سیاسی ماحول، خطے اور عالمی امور سے متعلق گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں فیصلہ سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی (سی ای سی) کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر متفقہ لائحہ عمل ہوگا، ہر جماعت سے لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد الیکشن پر سب تیار ہوگئے تھے، تحریک انصاف نے پھر دوبارہ کہا کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی توڑ کر غلطی کی۔ ہم نے کہا کہ اب آپ مذاکرات کی ٹیبل چھوڑ کر غلطی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں تشدد کی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں، سیاسی جماعت میں عسکری ونگ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر رہی ہے، اب وہ خود بھی مجبور ہو کر 9 مئی کی مذمت کر رہے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ قانون اپنا راستہ لے گا اور قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔

پارٹی میں آنے والوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انکا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ لانڈری سے دھل کر ہمارے پاس نہیں آرہے، ہم کیس ٹو کیس دیکھیں گے کہ ان کا سابق ریکارڈ کیسا ہے۔

قومی خبریں سے مزید